علم کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، وزارت تعلیم تمام صوبوں کو تربیتی سہولیات فراہم کرے گی
اسلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ علم کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، وزارت تمام صوبوں کو تربیتی سہولیات فراہم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزارت تعلیم کے ذیلی ادارے اکیڈمی آف ایجوکیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ (ایپام) کے تحت چار ہفتوں پر مشتمل 12 ویں تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ ملک کے تمام یونٹس سے آنے والے اساتذہ کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایپام تعلیمی اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تدریس پیغمبری پیشہ ہے، علمی شخصیات کی پیروی علم کے حصول کا باعث بنتی ہے۔ اکبر حسین درانی نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم برائی کی جانب مائل ہیں، اچھائی اﷲ پر چھوڑ دیتے ہیں۔ انسان کی محنت کا ثمر اﷲ پاک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 25 اساتذہ کرام نے چار ہفتوں کی ٹریننگ میں حصہ لیا۔ سیکرٹری وزارت وفاقی تعلیم اور ڈی جی ایپام نے تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں اساتذہ کرام میں اسناد تقسیم کیں۔