حبیب کالونی کچا سٹاپ کے قریب تیل اور سپیئر پارٹس کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ویسٹریج کے علاقے حبیب کالونی کچا سٹاپ کے قریب تیل اور سپیئر پارٹس کے گودام میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہر طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا ویسٹریج ویلی تھری میں قائم گودام میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دو سرے شیڈ بھی لپیٹ میں لے لئے ریسکیو1122 اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئے آگ کی شدت کے پیش نظر حکام نے گودام کے قریب گھروں کو بھی خالی کرایا گیا تاکہ رہائشیوں کی سلامتی یقینی بنائی جاسکے واپڈا نے جائے وقوعہ میں امدادی کاموں کو بلا رکاوٹ انجام دینے کیلئے بجلی بند کردی رہائشیوں نے شکائت کی یہ انسانوں کی رہائشی آبادی ہے جس میں گودام بنائے گئے ہیں جہاں کالے رنگ کا تیل اور افغانستان سے لائے گئے سپیئر پارٹس ذخیرہ کئے جاتے ہیں گودام میں آگ بجھانے کیلئے کوئی آلات اور سیفٹی سسٹم نہیں تھے امدادی ٹیموں نے آگ بجھادی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔