ملک ابرار احمد کی نواز شریف سے ملاقات‘ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے جمعہ کے روز احتساب عدالت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر ان سے ملاقات کر کے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں ملک ابرار احمد نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ نصیر آباد میں عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران کہا کہ میاں نواز شریف کو سات ماہ قبل اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دے کر وزارت عظمیٰ سے ہٹایا گیا لیکن جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کی جرح کے دوران کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہ ہو پانے سے ساری صورتحال واضح ہو گئی ہے جبکہ ملک میں عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قدر اور پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات ظاہر ہو رہے ہیں‘ کون سی بیرونی طاقتیں ہیں جو ملک کو ڈی ٹریک کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے وفود کے ساتھ عوامی مسائل اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات کے لئے جو بھی حلقہ بندی ہو گی ہمیں عوام پر مکمل اعتماد ہے‘ ہم اللہ تعالیٰ‘ پارٹی قیادت اور عوام کی مہربانی سے الیکشن میں سرخرو ہوں گے۔