امتِ مسلمہ کے مسائل کے حل کی رہنمائی تعلیماتِ نبوی ؐ میں موجود ہے،پیر محمد نقیب الرحمن
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشواپیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ اصلِ کائنات، جانِ کائنات اور روحِ کائنات ہمارے آقا و مولا حضور نبی کریمؐ ہیں۔ آپ ؐ کے عشق و محبت وہ عظیم ترین جذبے ہیں جنہوں نے ہر دور کے مسلمانوں کے ایمانوں کو حرارت اور تازگی بخشی اور یہی جذبہ روزِ قیامت نجات کا باعث بنے گا۔ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اطاعتِ رسولِ مقبول ؐ کا پیغام دیا جاتا رہا اور انشا اللہ دیا جاتا رہے گا کیونکہ حقیقی کامیابی اطاعتِ رسولِ مقبول ؐ میں ہی ہے۔ آج انسانیت اور بالخصوص امتِ مسلمہ کو جتنے مسائل در پیش ہیں ان سب کے لئے مکمل رہنمائی احادیث مبارکہ و تعلیماتِ نبوی ؐ میں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعتہ المبارک کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ماہانہ محفل بارہویں شریف سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ مجھے عید گاہ شریف میں آ کر اور جس طرح یہاں عملی طور پر پیر محمد نقیب الرحمن عشقِ الہی و محبت رسول ؐ پر عمل پیرا ہیں اور اسی عشق و محبت رسول ؐ سے مخلوقِ خدا کے دل روشن کر رہے ہیںاس جذبے کو دیکھ کر مجھے بھی دلی خوشی اور اطمینانِ قلب حاصل ہو اہے۔ آج جس طرح عید گاہ شریف سے مخلوقِ خدا کو آپس میں شیر و شکر کیا جا رہا ہے اگر ہماری تمام مساجد اور عبادت گاہوں سے بھی اسی محبت کو عام کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارا وطنِ عزیز امن و سلامتی کا گہوارہ نہ بن جائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐ کا ذکرِ خیر اور آپ ؐ پر درود پاک بھیجنا وہ عظیم عمل ہے جو ربِ رحمان ، نورانی ملائکہ اور اہلِ ایمان کر رہے ہیں۔ حضور نبی رحمت ؐ فرماتے ہیں کہ تمھارا مجھ پر درود پاک بھیجنا تمہیں دین اور دنیا میں کفایت کرے گا، گناہوں کی معافی اور درجات کی بلندی عطا کرے گا اور قیامت کے دن میرے سب زیادہ نزدیک وہ شخص ہو گا جو مجھ پر کثرت سے درود پاک بھیجنا والا ہے غرض درود پاک تمام دینی اور دنیوی امور کے لئے مجرب ترین عمل ہے۔ محفل بارہویں شریف سے کثیر تعداد میں علمائے کرام جن میں مفتی محمد سلیمان رضوی، ڈویثرنل خطیب علامہ حافظ محمد اقبال رضوی، حافظ بشیر احمد سیالوی ، علامہ فاروق عثمانی، مفتی فیصل حسین نقشبندی، قاری محمد سلیم شہزاد اورخواجہ وجاہت جمیل و دیگر نے بھی خطاب کیا جب کہ دربارِ رسا لت مآب ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ غلام مصطفی، حافظ محمد عامر اور حافظ عبدالمتین عباسی و دیگر نے پیش کیا۔محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیزکی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔