میڈیا حکومت پر تنقید کے ساتھ ساتھ اس کے اچھے کاموں کی تشہیر بھی کرے، گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون اور فلاحی ریاست کی تشکیل میں کلید ی اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان میں جمہوریت کے قیام ، استحکام اور تسلسل میں صحافت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹررز اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں آل پاکستان نیو ز پیپرسوسائٹی کے صدر سرمد علی کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقا ت میں کیا۔ وفد میں سینئر نائب صدر قاضی اسد عابد ، نائب صدر مہتاب خان ، جوائنٹ سیکریٹری سید محمد منیر جیلانی ، وسیم احمد ، ہمایوں طارق ، شہاب زبیری ، ریاض احمد منصوری، مس فوزیہ شاہین ، امتنان شاہد ، عامر محمود، ایم ڈی نوائے وقت مس رمیزہ مجید نظامی ، فیصل زاہد ملک ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی ، خوشنود علی خان ، شاہد محمود ، نوید کاشف بلا ل محمود ،امین یوسف ، صفدر علی خان ، ابرار مصطفی، یاور خلیق، علی ارشد ، ناصر داد بلوچ ، رفیق پیر زادہ ، یونس مہر، علی بن یونس ، طاہر مغل ، منگل داس اروانی ، محسن سیال، فہد صفدر ، حفیظ الفت، عمران حیدر ، راحت علی ، زاہد ، جاوید آفریدی ، اشرف دار ، قاضی سجاد ، تنویر اے طاہر ، زاہدہ عباسی ، عمر بٹ ، امتیاز قاضی ، ممتاز علی پھلپھوٹو اور رخسانہ صولت شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے آنے کے بعد صحافت میں خبروں کے حصول میں تیزی آگئی ہے لیکن پرنٹ میڈیا کی اہمیت مسلمہ ہے ، پرنٹ میڈیا ایک دستاویزی ثبو ت ہوتا ہے اور ان علاقوں میں جہاں پر الیکٹرانک میڈیا کی رسائی نہیں وہاں آج بھی پرنٹ میڈیا عوام کو آگاہی فراہم کرنے کا بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا جہاں حکومت کے کاموں پر تنقید کرتا ہے اسے چاہئے کہ وہ حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر بھی اسی انداز میں کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے جہاں رات گئے سیاسی ، سماجی ، معاشی ، صنعتی ، کاروباری اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جو کہ موجودہ حکومت کی کامیابی ہے۔