نورپور تھل: خادم رضوی کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف احتجاجی ریلی
نور پور تھل/ سرگودھا/ رنگپور (نامہ نگاران) نورپور تھل میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے کارکنان کی جانب سے خادم رضوی کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں حکومت سےاپنے معاہدے پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک یا رسول اللہ نور پور تھل کے مرکزی رہنما علامہ شیر محمد سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دھرنا ختم کرنے پر ایک معاہدہ تحریر کیا تھا جس میں تحریک کے کسی بھی اکابر یا کارکن کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہ کرنا تھی لیکن اب حکومت اپنے معاہدے کی پاسداری نہ کرتے ہوئے خادم رضوی سمیت سینکڑوں کارکنان کو مقدمات میں پھنسانا چاہتی ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہوئے حکومت کو وعدہ یاد دلاتے ہیں۔ سرگودھا میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائدین پر مقدمے کیخلاف کسی بھی احتجاجی ریلی، جلسے، جلوس کو روکنے کیلئے جمعہ کے روز پولیس کی نفری بھی سرگرم رہی۔ اطلاعات تھیں کہ قائدین پر مقدمے کیخلاف تحریک لبیک یارسول اللہ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف اضلاع سے ریلیاں نکالے گی۔