لاہور چیمبر کل ’’صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان تعلقات‘‘ کا دن منائے گا
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری یکم اپریل کو ’’صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان تعلقات‘‘ کے دن کے طور پر منائے گا۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے سٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹری و تعلیمی شعبے کے درمیان تعلقات کا فروغ کے کنوینر عمر سلیم کی تجویز پر کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کے اہم اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے صنعت اور تعلیمی اداروں کا مضبوط تعلق بہت ضروری ہے۔ جن ممالک میں انڈسٹری اور تعلیمی اداروں میں روابط ہوتے ہیں ان کی معیشت قوت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ انڈسٹری نئے نظریات اور یونیورسٹیاں صنعت کے لئے جدید حل یا مصنوعات فراہم کرتی ہیں جبکہ ان کا باہمی اشتراک برآمدات کے فروغ اور تجارتی خسارہ میں کمی سمیت دیگر اہم اہداف کے حصول میں مددگار ہوتا ہے۔ لاہور چیمبر یکم اپریل کو صنعتوں اور تعلیمی شعبے کے درمیان تعلقات کے درمیان تعلقات کا دن مناکر ایچ ای سی کے تعاون سے کانفرنسوں اور سیمینارز کے انعقاد کی راہ ہموار کرے گا۔