اسحاق ڈار کیخلاف ضمنی ریفرنس‘ تین شریک ملزمان پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت میں تین شریک ملازمان پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی اور فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 2 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد دبشیر نے ضمنی ریفرنس کی سماعت کی،ضمنی ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان نیشنل بینک کے صدرمحمد سعید ، منصور رضا اور نعیم محمود عدالت میں موجود تھے ۔ عدالت کی کارروائی شروع ہوئی تو نیب کے وکیل نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے پر زور دیا جبکہ نامزد ملزم نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نے درخواست کی کہ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ان کی اپیل کے فیصلے کی نقل ابھی تک نہیں ملی اور چونکہ ان کے وکیل حشمت حبیب بھی خرابی صحت کی وجہ سے عدالت میں حاضر نہیں ہو سکے لہذا عدالت کی کارروائی اگلی کسی سماعت تک ملتوی کی جائے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے بھی حکم نامے کی کاپی کے لیے رجوع کر رکھا ہے، امید ہے آج کاپی ملے گی۔ ملزم نیشنل بینک کے صدر سعید احمد نے بھی درخواست کی کہ ایک موقع دے دیں، دیکھ لیتے ہیں کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم میں کیا لکھا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرے، اس موقع پر وکیل کا پیش ہونا قانونی طور پر ضروری نہیں۔ فاضل جج نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ ایک دن سے کیا ہوگا، ویسے بھی آپ لوگ تو روز ہی اس عدالت میں آتے ہیں۔فاضل جج نے کیس کے دیگر ملزمان کے بارے میں استفسار کیا تو نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دونوں ملزمان بھی کمرہ عدالت میں ہی موجود ہیں۔ اس پر فاضل جج نے ملزمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو بھی مزہ آتا ہے، روز یہاں آتے ہیں اور پھر فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا کر دیتے ہیں۔ ملزمان نے بتایا کہ وہ سماعت کیلئے لاہور سے اسلام آباد آتے ہیں اس لئے سماعت ملتوی ہونے سے انہیں کافی مشکل ہوتی ہے۔ عدالت نے معاون وکیل کو حکم دیا کہ وکیل کی عدم موجودگی اور سماعت ملتوی کرنے کی درخواست تحریری طور پر جمع کرائیں۔فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ انھیں پتہ ہے حکم نامے میں کچھ بھی نہیں ہے،فاضل جج نے کہا کہ آپ کی درخواست ہائیکورٹ نے خارج کر دی ہے۔ نیب کی جانب سے جمع کروائے گئے ضمنی ریفرنس کے دستاویزات کو بغور دیکھنے کے بعد مقدمے کی سماعت اپریل کی دو تاریخ تک ملتوی کر دی۔ نیب کی جانب سے پیش کئے گئے ضمنی ریفرنس میں تین شریک ملزمان ، محمد سعید ، منصور رضا اور نعیم محمود پر27مارچ کو فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن گزشتہ سماعت پرعدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سماعت30 مارچ تک ملتوی کر دی تھی۔