میزائل ٹیکنالوجی روک تھام ادارہ کے وفد کے دفتر خارجہ میں مذاکرات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) میزائل ٹیکنالوجی کی روک تھام کے عالمی ادارے ’’ایم ٹی سی آر‘‘ کے وفد نے انتیس مارچ کو پاکستان کا دورہ کیا اور دفتر خارجہ میں مذاکرات کئے ۔ سرکاری بیانمیں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں ادارے کے وفد کا مسلسل تیسرا دورہ ہے۔ تازہ ترین دورہ کے موقع پر ایم ٹی سی آر کے بارے میں میزائل ٹیکنالوجی کے برآمدی کنٹرول کے بارے میں پاکستان کے اقدامات اور خطہ میں سیاسی اور سلامتی کے حوالہ سے رونماء ہونے والی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی۔ دفتر خارجہ کے ڈی جی رائے برائے سٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان کے برآمدی کنٹرول کے اقدامات عالمی ادارے کے معیار کے مطابق ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ پاکستان نے وسیع پیمانہ پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلائو اور ان کے ڈلیوری نظاموں پر کنٹرول کا عزم کر رکھا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ترقی پزیر ملکوں کو دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی تک رسائی سے بھی نہیں روکا جانا چاہیے تاکہ وہ سماجی و معاشی ترقی کر سکیں۔