خود کو بادشاہ سمجھنے والوں کو فریادی کا لفظ بھی اچھا نہیں لگتا، ضیا عباس
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ خود کوبادشاہ سمجھنے والوں کو فریادی کا لفظ بھی اچھا نہیں لگتا۔ انہوں نے خود تو عوام کو دووقت کی روٹی تک کا محتاج کرنے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی اب چیف جسٹس آف پاکستان غریب عوام کی داد رسی کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو وہ بھی برداشت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب احتساب اور انتخابات دونوں زیادہ دورنہیں‘ قومی دولت لوٹنے والے قانون سے بچ سکیں گے نہ عوام کو دوبارہ بے وقوف بنانے میں کامیاب ہوںگے۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے سید ضیاء عباس نے کہا کہ اسے غیر معمولی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ خاص طورپر اس لئے بھی جب چیف جسٹس ثاقب نثار واضع کرچکے ہیں کہ جوڈیشل این آر او آرہا ہے نہ جوڈیشل مارشل لاء صرف جمہوریت اور آئین باقی رہے گا اور کچھ نہیں۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ تحریک عدل کی باتیں کرنے والوں کو صاف طورپر پسپا ہوتے دیکھا جاسکتا ہے‘ اب وہ راہ فرار ڈھونڈ رہے ہیں‘ لیکن بچنے کا کوئی راستہ نہیں مل رہا جو بویا ہے کاٹنا ہی ہوگا۔
ضیا عباس