اویس لغاری نے کے الیکٹرک‘ سوئی سدرن تنازع حل کرنے کی ہدایت کردی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمدخان لغاری نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے تنازعہ پر بجلی کی پیداوار میں کمی اورکراچی میں لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہو ئے مالی تنازع کے فوری حل کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کراچی کے عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے کے الیکٹرک اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔نیپرا کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے اورکراچی کی عوام کوناکردہ گناہوں کی سزا نہ دی جائے۔ جمعہ کواپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرپاور ڈویژن نے اس بات پر زور دیا کہ سوئی سدرن اور کے الیکٹرک واجبات کے معاملے کو ملکی قوانین کے مطابق حل کرنے کی کوشش کریں۔ خاص طوراس وقت کراچی میں جو موجودہ گرمی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے اس وقت معاملات کو افہام و تفہیم کیساتھ حل کرنا اورکراچی کی عوام کو بجلی فراہم کرنا انتہائی اہم ہے۔وفاقی وزیر نے کے الیکٹرک کے حکام پر زور دیا کہ وہ سوئی سدرن کے واجبات کی جلد ادائیگی ممکن بنائیں اور اس ضمن میں لوگوں کی سہولیات کے پیشِ نظر تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں۔وفاقی وزیر نے متعلقہ ریگولیٹری کو بھی اس بات کا پابند کیاکہ نیپرا کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کے الیکٹرک کے مقرر کر دہ کوٹے کے مطابق پوری بجلی فراہم کر رہی ہے۔
اویس لغاری