ضلع کورنگی کو مسائل سے نجات دلا نے میں مصروف ہیں :سید نیئر رضا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے کہاکہ محدود وسائل اور لاتعداد مسائل چیلنج سے کم نہیں مگر ہم اپنے یونین کمیٹیز کے نمائندوں کے باہمی ٹیم ورک سے عوامی خدمت کے سچے جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ،جب یونین کمیٹیز کا قیام عمل میں آیا عوام نے اپنے نمائندوں کو منتخب کیا تو منتخب یونین کمیٹی کے نمائندوں کے پاس عوامی خدمات کی انجام دہی کے لئے دفاتر موجود نہیں تھے ہم نے جہاں علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کے چیلنج کو اپنی شب روز کی کاوشوں سے حل کرنے کی کوشش کی وہیں بتدریج یونین کمیٹیز کے نمائندوں کے بنیادی مسائل اُن کے دفاتر کے قیام کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے یونین کمیٹی 24زمان ٹائون لانڈھی کے یوسی دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور وارڈز کونسلرز کے علاوہ بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے۔چیئر مین سیدنیئر رضا نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو مسائل سے نجات اور اسے شہر کا مثالی ضلع بنا ئیں گے۔ انہوںنے کہاکہ یونین کمیٹیز کے نمائندے اپنے حلقہ انتخاب میں تندہی کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی ،فراہمی و نکاسی آب کے مسائل سے عوام کو چھٹکارہ دلا نے کے لئے اقدامات کے ساتھ علاقائی ترقی کو یقینی بنا نے میں شب روز مصروف عمل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انشا اللہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی ٹیم اور عوامی مشاورت و تجاویز کی روشنی میں ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو مسائل سے نجات اور بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچا ئیں گے ۔