قبولیت کا انحصار اخلاص پر ہے ،علامہ محمد الیاس عطار قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ عبادات اور دعاؤں کی قبولیت کا انحصار اخلاص پر ہے ،آج ہم نے ایثار کا نام تو سنا ہے مگر اس پر عمل کرنے سے قاصر ہیں، دوسرے کے منہ سے نوالہ چھین لینے کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو ایثار وکرم کی تعلیم دینا بہت ضروری ہے مگر افسوس بچوں کو مارپیٹ کرکے اور دوسروں سے چھینتے دیکھ کر والدین آج خوش ہوتے ہیں جومناسب نہیں ہے۔امیر اہل سنت نے کہا کہ مسلمانوںکی خیر خواہی لازم ہے ،لوگوں کے ساتھ اگر کچھ برا ہو تو اس میںخوش ہونا اچھا نہیں ،مسلمان کو تکلیف میں دیکھ کر خوش ہونے والے کو اللہ عزوجل اسی تکلیف میں مبتلا کردے گا ،مسلمان کے بھلے میں اپنا بھلا ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ دعا مانگیں کیونکہ دعا عبادت ہے ،جہاں نیک بندوں کا ذکر ہوتا ہے وہاں رحمت اترتی ہے ،مسلمانوں کے مجمع میں دعا مانگنا قبولیت کے زیادہ قریب ہے۔امیر اہل سنت نے کہا کہ اگر مسلمان ظاہری شریعت پر عمل کرتا ہے تو اس کے متعلق اچھا گمان رکھنا اچھا ہے ،مگر اس کیلئے پہچان ہونا ضروری ہے ،ولی کی نشانیاں اور اس کا علم ہونا ضروری ہے ،بہت سے ایسے لو گ بھی ہیں جو شراب پی کر یا نشہ کرتے ہیں تو ان کے ساتھ حسن ظن نہیں رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد وعورت پر فرض ہے ،یہ موجود ہ حالت کے مطابق فرض ہوتا ہے مثلاً جس پر نماز فرض ہوئی تو نماز کے احکامات سیکھنا فرض ہے۔