حضرت عیسیٰؑ نے دنیا کو احترام انسانیت کادرس دیا: مصطفی کمال
کراچی(خصوصی رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے سید مصطفی کمال نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تمام مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی بقاء و سلامتی ‘ استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو برداشت احترام انسانیت اور امن و بھائی چارے کا درس دیا اور وقت کا تقاضہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احترام انسانیت اور مذہبی رواداری کے اس پیغام کو فروغ دیا جائے۔ سید مصطفی کمال نے مسیحی مائوں‘ بہنوں‘ بھائیوں‘ بزرگوں اور بچوں کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اپنی عبادات میں امن عالم ‘ فلاح انسانیت اور ملک کی بقاء و سلامتی اوراستحکام کے لئے دعا کریں۔