اسلام آباد :بچے کوانسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر والد کیخلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج
اسلام آباد میں بچے کوانسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے پر والد کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ کار سرکار میں مداخلت کے باعث درج کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں پولیو ٹیم سیکٹر جی سیون ٹو کے رہائشی حرب دل شجاع کے گھر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے پہنچی۔ بچے کو انسداد پولیو کے قطرے نہ پلانے کے اصرار پر پولیو ٹیم کی شکایت پراسسٹنٹ کمشنر ان کے گھر پہنچے اور بچے کے والد کو قائل کرنے کی کوشش کی۔بچے کے والد کی جانب سے مسلسل اس بات پر تکرار کیا گیا کہ وہ اپنے بچے کوانسداد پولیو قطرے پلانے پر کسی صورت تیار نہیں ہے۔ والد کے مسلسل انکار پر پولیس نے اس کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا, مقدمے میں پولیو ٹیم کو دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔