حضرت مادھو لال حسینؒ کے 425ویں عرس کی تقریبات جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر) حضرت لال حسین عرف مادھو لعل حسینؒ کے 425ویں عرس کی سالانہ تقریبات جاری ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ روز لوکل چھٹی کی وجہ سے عرس میں زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عرس کی تقریبات 3روز جاری رہے گی جبکہ عرس کا تیسرا روز صرف خواتین کےلئے مخصوص کیا گیا ہے، میلہ چراغاں کے نام سے مشہور مادھو لعل حسینؒ کے میلے میں آنے والے زائرین ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈلاتے رہے جبکہ بچوں کی بڑی تعداد بھی میلہ دیکھنے آئی۔ میلہ چراغاں میں سابق ایم این اے روحیل اصغر نے بھی شرکت کی۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے مادھو لال حسینؒ کے عرس کےلئے 4لاکھ 58ہزارروپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔ میلہ چراغاں پر شالیمار چوک سے لیکر بیگم پورہ کے علاقے تک کھیلوں کے سامان اور روایتی مٹھائیوں کی فروخت کی بڑی بڑی دکانیں لگی ہیں۔