اسلام آباد(محمدرضوان ملک ) آزاد کشمیر کے انتخابات میں اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آنے کے بعدایک ہفتے سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اگلا قائد ایوان ، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کون ہو گا۔ گو اس وقت تمام تر نظریں وزیراعظم کے نام کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ لیکن وزیراعظم کا نام فائنل کرنے سے قبل تحریک انصاف نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے ناموں کا بھی اعلان کرنا ہے۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ اس حوالے مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور اس مشاورت کے نتیجے میں چار نام سامنے آئے ہیں جن کے ہاتھ میں اگلے پانچ سالوں کے لئے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی حکومت کی باگ دوڑ ہوگی۔جن میں سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمودچودھری، سردار تنویر الیاس، اظہر صادق اور خواجہ فاروق شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ان چاروں میں سے ایک مسقتبل میں آزادکشمیر کا وزیراعظم ، ایک سپیکر ایک صدر اور ایک سنئیر وزیر ہوگا۔ ان میں بیرسٹر سلطان محمود کو دیگر امیدوارن پر یہ برتری حاصل ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر ہیں بلکہ وہ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں اور انہیں آزادکشمیر میں حکومت چلانے کا وسیع تجربہ ہے۔دیگر امیدوران میں خواجہ فاروق بھی پارٹی سے طویل وابستگی رکھتے ہیں اور وہ ماضی میں ایم ایل اے اور وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ اظہر صادق گو پہلی بار اسمبلی کا حصہ بنے ہیں لیکن پارٹی کے لئے ان کی خدمات طویل اور قابل تعریف رہی ہیں۔ تاہم سردار تنویر الیاس جو حال ہی میں ابھر کر سامنے آئے ہیں اور آتے ہی چھاگئے ہیں وہ بھی کوئی بڑا سرپرائز دے سکتے ہیں ۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024