مزید 2بھارتی کرکٹر کورونا کا شکار
ملتان (سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے 2 مزید کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ سپنر یزوندرا چاہل اور کے گوتھم کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، اس سے قبل آل رائونڈر کرونال پانڈیا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ایک روز التوا کا شکار ہوا تھا۔کرونال پانڈیا، چاہل اور گوتھم کے علاوہ 6 مزید ارکان کولمبو میں آئسولیشن میں رہیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کا غرور خاک میں ملا دیا تھا اور ایک وقت میں 3 تگڑی بین الاقوامی ٹیمیں ہونے کے دعویدار بھارت کو سری لنکا میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ کمزور ترین سری لنکن کرکٹ ٹیم نے اپنے ہوم گراوںڈ پر کھیلی جانیوالی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔