مکتوب دوبئی
طاہر منیر طاہر
پاکستان واپس آنے والے اوورسیز پاکستانیز کو پاکستان میں ملازمتیں دی جائیں گی
وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے اوورسیز زلفی بخاری کی پریس کانفرنس
حالیہ کرونا وباءسے قبل اور اس کے دوران دنیا بھر سے تقریباً 55ہزار اوورسیز پاکستانیوں کے جاب متاثر ہوئے ہیں۔ جن کی اندرون اور بیرون ملک بحالی کےلئے کام ہورہا ہے، بیرون ملک جانے والوں کےلئے بیرون ملک جاب فراہم کئے جائیں گے جبکہ واپس آنے والوں کےلئے پاکستان میں ہی روزگار فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم پاکستان کے خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) نے قونصلیٹ آف پاکستان دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات غلام دستگیر اور قونصل جنرل احمد امجد علی بھی موجود تھے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیز کےلئے ہمدردی کا جذبہ رکھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کےلئے مثالی کام کرنا چاہتی ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز بینک کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیز کےلئے پنشن سکیم بھی متعارف کرائی جارہی ہے۔ زلفی بخاری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ہر سال 23بلین ڈالر بطور زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔ اس لئے ہی یہ ہمارے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ وباءکے دنوں میں حکومت پاکستان نے کرونا کا ڈٹ کر مقابلہ کیاہے اور اسے پھیلنے سے روکا ہے، جس کا اعتراف دیگر ممالک نے بھی کیا ہے۔ کرونا وباءکو قابو کرنے میں پاکستان کا شمار اولین ممالک میں ہوتا ہے ۔ زلفی بخاری نے کہا کہ وباءکے دوران امارات میں پھنسے پاکستانیوں کو ملک واپس بھجوانے اور حددرجہ تعاون کرنے پر میں حکومت پاکستان کی طرف سے حکومت امارات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ اپنے تین روزہ دورہ کے دوران زلفی بخاری نے امارات کے وزیر افرادی قوت نصیر بن ثانی سے بھی ملاقات کی اور بےروزگار ہونے والے پاکستانیوں کے دوبارہ حصول روزگار کےلئے بات کی، جس پر وزیر موصوف نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پریس کانفرنس کے دوران زلفی بخاری نے بتایا کہ 154خصوصی پروازوں کے ذریعے ہزاروں مسافروں کو پاکستان پہنچایا گیا جبکہ 1276 افراد کےلئے مفت ٹکٹ فراہم کرنے پر انہوں نے سفارتخانہ اور قونصلیٹ کے کردار کی تعریف کی۔ ایک سوال کے جواب میں زلفی بخاری نے کہا کہ الیکٹرک کاریں ملک لیجانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ کنسٹرکشن مشینری کو بھی کم از کم ٹیکس کے ساتھ ملک لیجانے کےلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔