وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے حالیہ پیش رفت جاری رکھنے اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں یورپی ارکان پارلیمنٹ کے دس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے بارے میں ہائی کمشنر کے دفتر اور برطانوی پارلیمنٹ کے کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ کی رپورٹس اور برسلز میں انسانی حقوق کے بارے میں یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کی سماعت میں سامنے آنے والے شواہد سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کی توثیق ہوئی ہے۔وزیر خارجہ نے یورپ اور دنیا کے دیگر حصوں میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں یورپی ارکان پارلیمنٹ ، پاکستانی اور کشمیری برادری کے نمائندوں اور دوسری شخصیات کی کوششوں کو سراہا۔اُدھر یورپی ارکان پارلیمنٹ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت پر زورد یا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے مذاکراتی میز پر آئے۔یورپی ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے بعد یورپی پارلیمنٹ کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ملکر آواز بلند کی جاسکے۔