قوم کو اندھیرے دینے والے آئندہ حکمرانی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری ٹولے نے قوم کو مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے کرب ناک عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ماہ مقدس میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران قوم کو اندھیرے دینے والے آئندہ حکمرانی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ عوام عام انتخابات میں نااہل حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام مسائل زرداری ٹولے کے پیداکردہ ہیں اگر اس کرپٹ ٹولے سے نجات مل گئی تو ملک کے مسائل بھی ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں کرپشن سے پاک نیا پاکستان تعمیر کریں گے جہاں آئین و قانون اور انصاف کی حکمرانی ہوگی اور سب کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ضلع گجرات کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں ضلع میں ترقیاتی منصوبوں پر 6ارب روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز ضلع گجرات کے مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ ساڑھے چار سال سے قوم کو اندھیروں میں رکھنے اور ان کی محنت کی کمائی سے اپنی جیبیں بھرنے والے بدعنوان حکمران اپنا حق حکمرانی کھو چکے ہیں، عوام ان کرپٹ کرداروں کا محاسبہ کریں گے اور آئندہ انتخابات میں ان لٹیروںکو مسترد کردیں گے۔ گذشتہ دور آمریت میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والے ایک بار پھر سینوں پر کرپشن کے تمغے سجائے لوٹ مار کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔ عوام ان چہروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور اب وہ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا مقصد خدمت خلق اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں لانا ہے۔ تمام وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جارہے ہیں۔ گجرات سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں بڑے ترقیاتی منصوبے نہایت شفاف طریقے سے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ضلع گجرات کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیتے ہوئے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ٹانڈا کو ڈگری کالج بنانے، جلال پور جٹاں میں کرکٹ گراﺅنڈ کی تعمیر اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی سکیموں کا اعلان کیا۔ پنجاب میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے، تمام بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں ہو گی۔ معاشرے کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ مشکل کی گھڑی میں پارٹی پرچم بلند رکھنے والے کارکن ہمیں دل و جان سے عزیز ہیں اور انہیں مکمل احترام دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری افسران خود کو عوامی خدمت کے لئے مامور کر دیں اور لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں نے ضلع گجرات میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔