مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا کیخلاف آج ملک بھر میں دھرنے ہونگے: حافظ نعیم

Jan 31, 2025

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف کل ملک گیر مظاہرے اور اہم شاہراؤں پر دھرنے ہوں گے،موجودہ حکمران فارم 47اور اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئے ہیں، حالات بتا رہے ہیں کہ امریکا دنیا میں تنہا رہ جائے گا اور اس سے توقعات وابستہ رکھنے والے بھی ساتھ ڈوبیں گے، مقامی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھنے والے سیاست نہیں کر سکتے، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، ہم حق کو بیان اور مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے، عوام کے حقوق کے لیے منظم طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پرامن مزاحمتی تحریک ری لانچ کر رہے ہیں، عوامی کمیٹیاں بنا رہے ہیں، حکمرانوں کو بجلی سستی کرنا پڑے گی اور ناجائز ٹیکسز واپس لینا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں مالاکنڈ ڈویژن سے آئے ہوئے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔ بعدازاں انھوں نے حلقہ لاہور کی تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔ امیر جماعت نے کہا کہ سرمایہ داروں نے پوری دنیا میں جمہوریتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جس طرح پاکستان میں جمہوریت کو کنٹرول کیا جاتا ہے، یہی کام مغرب میں بھی خاص طریقے سے ہوتا ہے، اسرائیل میں جنگ مخالف لوگوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے واشنگٹن نے پیسہ لگایا، امریکا دنیا میں تباہی چاہتا ہے۔ ممبران پارلیمنٹ اپنی تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔ حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ عوامی حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

مزیدخبریں