شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، جھڑپ، 2 جوان شہید، 5 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان میں ایک اپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ اس معرکہ میں پاک فوج کے دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں سپاہی محمد شمیم اور سپاہی اسد خان شامل ہیں۔دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر پاک فوج کا آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔ پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی ہے۔ فائرنگ کا تبادلہ دیر تک جاری رہا۔