مخالفین نواز شریف پر الزامات لگا کر اپنی ناکامی چھپا رہے ہیں،مخالفین نے خدمت کی ہوتی تو آج یوں ہزیمت نہ اٹھانا پڑتی:  مریم نواز

31 جنوری 2018 (22:36)

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی اس سے بڑی فتح کیا ہوگی کہ مخالفین کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں ہے۔ ان کی ہر بات نوازشریف سے شروع ہو کر ان ہی پر ختم ہوتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ کوئی دس ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کا ناممکن کام بھی کرگیا اور کوئی ساڑھے چار سال بعد بھی ناکامی کی شرمندگی کو الزامات میں چھپا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے اور عوامی خدمت کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ لیڈروں کو اپنا آرام قربان کرنا پڑتا ہے ،انہوں نے سیاسی مخالفین کو نام لیے بغیر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے خدمت کی ہوتی تو آج یوں ہزیمت نہ اٹھانا پڑتی۔ نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں عوامی خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مخالفین اپنی شرمندگی کو چھپانے کیلئے نواز شریف پر الزامات لگا رہے ہیں۔گذشتہ روز نیب ریفرنسز کے سلسلے میں اسلام آباد کیاحتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کے ضمنی ریفرنس میں کیس کی تمام ذمہ داری نواز شریف پر ڈال دی گئی ہے۔اس موقع پر صحافیوں نے سوال کیا کہ عمران خان کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ایک ماہ بعد آپ کو سزا ہوجائے گی ، جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ یہ پوچھنا ضروربنتا ہے کہ ان کو یہ خبریں کون دیتا ہے۔مریم نواز نے صحافیوں سے سوال کیا کہ اگر ضمنی ریفرنس میں ثبوت نہیں ملے تو میڈیا ٹرائل کیوں کیا گیا ؟ اورجو میری کردار کشی کی گئی اس کا مداوا کون کرے گا۔