جعلی خان کی سونامی نے پختونخوا کو صرف زخم دیئے ہیں،پیپلزپارٹی نے پختونوں کو شناخت دی اب ان محرومیوں کا ازالہ ہوگا: آصف علی زرداری

31 جنوری 2018 (22:21)
جعلی خان کی سونامی نے پختونخوا کو صرف زخم دیئے ہیں،پیپلزپارٹی نے پختونوں کو شناخت دی اب ان محرومیوں کا ازالہ ہوگا: آصف علی زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پختونوں کو شناخت دی اب ان محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ جعلی خان کی سونامی نے پختونخوا کو صرف زخم دیئے ہیں۔ بدھ کو زرداری ہاوس اسلام آباد میں صوابی سے سابق ایم پی اے سکندرعرفان کی قیادت میں 13 رکنی وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کو چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں میں امتیاز احمد خان، ملک امان اللہ خان، محمد اقبال،جان عالم خان،سبحان اللہ خان،فقیر محمد خان، علی گوھر خان، ھارون رشید، صفدر علی، ملک الیاس خان،غلام فاروق خان اور عبدالوحید خان شامل ہیں۔اس موقع پر پولیٹیکل سیکریٹری رخسانہ بنگش، کے پی کے صدر ھمایوں خان،سینیٹر سردار علی خان اور بہرمند خان تنگی بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے سکندرعرفان خان اور دیگر کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ بلاول بھٹو زرداری کی طاقت بنیں، بلاول بھٹو زرداری ملک کا مستقبل ہیں۔ اصف علی زرداری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور پیپلز پارٹی نے ہی دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے مزاحمت کی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ انشاء اللہ وفاق اور چاروں صوبوں میں انتخابات جیتیں گے، پنجاب اور پختون خوا میں جیالے وزیر اعلی ہونگے۔ وزیر اعلی ہاوس میں بھٹو کے نعرے گونجیں گے۔آصف علی زرداری نے وفد کو ہدایت کی کہ ابھی سے اپنے اپنے حلقے میں سرگرم ہو جائیں اس عزم کے ساتھ کہ انتخابات جیتنے ہیں۔