شہبازشریف دیگر صوبوں کیلئے مثال‘ عوام نے دھرنا سیاست مسترد کر دی: مریم اورنگزیب

31 جنوری 2018 (19:00)

 وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں اور کردار اہم ہے‘ موٹر ویز کے باعث پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی اور سی پیک منصوبہ شروع ہوا‘ نوازشریف کے وژن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے‘ گزشتہ چار سال میں ملک میں جمہوریت کو تقویت ملی۔ بدھ کو حافظ آباد پریس کلب کے عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حافظ آباد پریس کلب پہلا پریس کلب ہے جس سے میں نے حلف لیا میں پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ صحافی کا قلم اگر غلط طریقے سے اٹھے تو ملک و قوم کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے۔ صحافیوں کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے ملک چھوڑ کر جانے والے اب وطن لوٹ رہے ہیں ملک بھر میں صحت کارڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ نواز شریف نے اقتدار کی نہیں بلکہ اقدار کی سیاست کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ موٹر ویز کی وجہ سے پچاس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی اور سی پیک کا منصوبہ شروع ہوا۔ ملک میں معاشی ترقی کا سفر جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف دیگر صوبوں کے لئے مثال ہیں۔ انتشار پھیلانے اور دھرنے کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے گزشتہ چار سال میں ملک میں جمہوریت کو تقویت ملی۔