آج کیبورے والا: ن لیگ میں الیکشن سے قبل دھڑے بندی ‘ ایم این اے‘ ایم پی اے مدمقابل

31 جنوری 2018

بورے والا(نامہ نگار)مسلم لیگ(ن)الیکشن سے قبل دھڑے بندی کا شکار،لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی آمنے سامنے،لیگی ایم پی اے ارشاد ارائیں کے خلاف(ن)لیگ کے متحارب دھڑے نے بڑے محاذ کی تیاری شروع کر دی،عوامی مقبولیت کے حامل ایم پی اے کو مائنس کرنے کے لیے سیاسی رقیب بھی قریب آنے لگے،تفصیلات کے مطابق تحصیل بورے والا کے ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ(ن)کے اندر ہی رسہ کشی شروع ہو گئی ہے رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد ارائیں اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشاد احمد آرائیں کے مابین جاری سیاسی سرد جنگ نے شدت اختیار کر لی ہے اس سیاسی سردجنگ کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چوہدری ارشاد آرائیں کے کئی مخالف سیاسی و سماجی چہرے بھی میدان میں کود پڑے ہیں اور چوہدری ارشاد احمد ارائیں مخالف محاذ میں کھل کر سیاسی رقیب قریب آنا شروع ہو گئے ہیں گذشتہ بلدیاتی الیکشن میں چوہدری نذیر احمد آرائیں اور چوہدری ارشاد احمد آرائیں کے متحارب لیگی دھڑے نسیم شاہ گروپ نے چوہدری ارشاد آرائیں کے خلاف کمر کس لی ہے اور اس گروپ سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات نے چوہدری ارشاد احمد آرائیں کی مخالفت میں ایک مشترکہ محاذ بنانے کی منصوبہ بندی کاآغاز کر دیا ہے جس میں سید شاہد مہدی نسیم ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں اور گگومنڈی سے ایم پی اے چوہدری محمد یوسف کسیلیہ اوربلدیہ بورے والا کے اپوزیشن ارکان کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات نے بالواسطہ اور بلا واسطہ صلاح مشوروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ان سیاسی صلاح مشوروں میں ایک ہی ایجنڈا کھل کر سامنے آ رہا ہے کہ کسی طرح عوام میں مقبولیت حاصل کرنے والے لیگی ایم پی اے چوہدری ارشاد احمد آرائیں کو آئندہ الیکشن میں (ن)لیگ سے مائنس کیا جائے اس منصوبہ سازی میں نہ صرف سیاسی بلکہ مختلف شعبوں کے تھنک ٹینک شامل ہوچکے ہیں جبکہ چوہدری ارشاد احمد آرائیں اس نئے سیاسی محاذ کو سامنے رکھتے ہوئے بڑی سوچ سمجھ کر اپنی پیش بندی کر رہے ہیں اور انکی تمام تر توجہ عوامی رابطہ مہم پر مرکوز ہے جبکہ گگو منڈی حلقہ میں بھی چیئرمین ضلع کونسل پیر غلام محی الدین چشتی کے بھتیجے پیر ہمایوں افتخار چشتی نے بھی آئندہ الیکشن لڑنے کی تیاری شروع کر دی ہے اسی حلقہ میں چوہدری ارشاد احمد ارائیں کے بیٹے چوہدری عمران ارشاد نے انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔