میونسپل کارپوریشن کا اجلاس‘ میئر گروپ اور ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کی تیاری مکمل

31 جنوری 2018

ملتان (خبر نگار خصوصی) میونسپل کارپوریشن کے آج ہونے والے اجلاس میں میئر گروپ اور ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے اپنے اپنے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ہے ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ اجلاس میں بھرپور احتجاج کریں گے گزشتہ روز مذکورہ گروپ کا اجلاس مقامی کلب میں ہوا جس میں 47 چیئرمینوں کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا ہے دوسری جانب میئر گروپ کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں 46 چیئرمینوں کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا میئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے چند چیئرمین ناراض ہیں ان کے تحفظات دور کریں گے اس کے لئے کمیٹی بنائی جائے گی ساری صورتحال پر قابو پالیں گے چند چیئرمینوں نے کہا کہ میئر ہدایات لینے کی بجائے آزادانہ طریقے سے کام کریں ڈپٹی میئر منور احسان قریشی بھی اجلاس میں موجود تھے دوسری جانب ڈویلپمنٹ گروپ کے اجلاس میں چیئرمینوں نے کہا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں ان کی قراردادیں شامل نہیں کی گئیں ان کے پاس اکثریت ہے میئر اعتماد کھو چکے ہیں اس لئے وہ مستعفی ہو جائیں جبکہ اجلاس میں ہنگامہ آرائی ہونے کا بھی خطرہ ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا اجلاس آج صبح 11 بجے بوسن ہال میں ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری کی صدارت میں ہو گا۔