نشتر میںسوائن فلو سے مزید 3 افراد دم تور گئے ، تعداد 42 ہوگئی
ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر ہسپتال میں سیزنل انفوائنزا (سوائن فلو) سے متاثرہ 3 مزید مریض دم توڑ گئے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد 42 ہو گئی جبکہ گزشتہ روز 3 مزید مریضوں کو مرض کے شبہ میں لایا گیا ہے۔ اس حوالے سے نشتر ہسپتال کے مطابق گزشتہ روز مرنے والوں میں ملتان کی 50 سالہ رشیدہ‘ خانیوال کی 20 سالہ حسینہ بی بی اور لیہ کا 53 سالہ کرامت شامل ہیں۔ اس ضمن میں اس وقت 9 مریض نشتر میں زیر علاج ہیں جن میں سے 6 مریض آئسولیشن وارڈ اور 3 آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ مذکورہ 9 مریضوں میں سے 6 مریض پازیٹو اور 3 کی رپورٹس کا آنا باقی ہے۔ دریں اثناء سیزنل انفلوائنزا اے ایچ ون این ون کے مشتبہ مریضوں کو ہسپتال لانے کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ نے نئے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس حوالے سے مریضوں کو گھروں سے ریسکیو 1122 کی گاڑی میں ہسپتال لایا جائے گا۔ گاڑی میں فل سلنڈرز آف آکسیجن موجود ہونگے جبکہ مریضوں کو گاڑی سے وارڈ میں شفٹنگ کے دوران میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔ مزید براں مریض کے فوری ایکسرے‘ سی بی سی‘ ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ کر کے اس کو نتائج کے مطابق ریفر کیا جائے گا۔