ٹریفک حادثات‘ نوبیاہتا دلہن سمیت 4 افراد جاں بحق 3 زخمی

31 جنوری 2018

ملتان‘ دنیا پور‘ شاہ جمال‘ گگو منڈی (خبر نگار خصوصی‘ نامہ نگاران) ٹریفک حادثات میں نوبیاہتا دلہن سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 بہنوں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق این ایل سی بائی پاس پر ایدھی ویلج کے نزدیک ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر کے نتیجہ میں سبحان پور کا رہائشی آٹھویں جماعت کا طالب علم شانی حسین موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اس کی دو بہنیں زخمی ہو گئیں جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ دنیا پور سے نامہ نگار کے مطابق جواد سٹی کالونی میں ایک نوجوان کار سیکھ رہا تھا کہ کار بے قابو ہوکر 14 سالہ عبدالرزاق ولد مشتاق سے جا ٹکرائی سر میں شدید چوٹیں آنے کے باعث اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لیجایا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ شاہ جمال سے نامہ نگار کے مطابق پرمٹ نہ ملنے پر ٹریکٹر ٹرالی ڈارئیور ٹرالی کے نیچے لگی چار پائی پر سو گیا ڈمپر کی سائیڈ لگنے پر روڈ پر گر کر ڈمپر کی زد میں آ کر جاں بحق۔نواحی علاقہ کھلنگ شمالی کا رہائشی ٹریکٹر ڈرائیور35سالہ طالب حسین کھور گنے سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی لے کر جا رہا تھا کہ شوگر ملز کا پرمٹ نہ ملنے پر اس نے ٹریکٹر ٹرالی چندریں موڑ کے قریب روڈ کنارے کھڑی کر کے ٹرالی کے نیچے لگی چار پائی پر سو گیا پیچھے سے آ نے والے خالی ڈمپر نے ٹرالی کو ٹکر دے ماری جس کی وجہ سے وہ جھٹکے سے چار پائی سے نیچے روڈ پر آ گرا اور ڈمپر کی زد میں آ کر موقع جاں بحق ہو گیا۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق چک نمبر 53گیمبر اڈا کے رہائشی جنید کی شادی ڈلن بنگلہ کی رہائشی مسماۃ ادیبہ سے چند روز قبل ہوئی تھی اور گزشتہ روز صبح دس بجے قریب دونوں میاں بیوی موٹر سائیکل پر سوار واپس گیمبر جا رہے تھے جب وہ نواحی اڈا رسول پور کے قریب پہنچے تو خاتون کا دوپٹہ موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سڑک پر گر گئی اور پیچھے سے آ نے والہ ٹرک نمبری 4246.MNDان پر چڑھ گیا جس کے نتیجہ میں ادیبہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی اور اس کا خاوند جنید شدید زخمی ہو گیا ۔زخمی اور متوفیہ کی لاش کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ۔