پاکستا ن علما کونسل نے سر عام سزا کو شریعت اسلامیہ کے مطابق قرار دیدیا

31 جنوری 2018

لاہور (آن لائن) پاکستا ن علماء کونسل نے سر عام سزا کو شریعت اسلامیہ کے مطابق قرار دیا ہے ، سر عام سزائوں کی مخالفت کو شریعت اسلامیہ کے قوانین کی مخالفت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سنگسار سمیت رسول اکرم ؐ اور خلافت راشدہ کے دور میں بہت سارے مجرموں کو سر عام سزا دی گئی ، ملک بھر میں بچیوں اور عورتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے مقدمات کا سپیڈی ٹرائل شروع کر کے دو ہفتوں میں کیسوں کا فیصلہ کیا جائے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد معاذ بن جبل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا محمد شہزاد ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا نائب خان ، مولانا شہباز احمد ، مولانا عبد الحفیظ الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے ضروری ہے کہ فحاشی و عریانی پھیلانے والے ذرائع بند کیے جائیں ۔