قومی ٹیم کے کپتان سرفراز، باؤلر رومان کراچی پہنچ گئے، بات کرنے سے گریز
کراچی(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست اور ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلر رومان رئیس کراچی پہنچ گئے۔کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ائرپورٹ پر میڈیا نمائندگان سے بات کرنے سے گریز کیا اور اس کی وجہ بتائی کہ پی سی بی نے انہیں میڈیا سے بات کرنے سے منع کیا ہے۔ اس موقع پر رومان رئیس نے کہا کہ بھرپورکوشش کی لیکن ون ڈے میں کبھی بولنگ نہ چلی تو کبھی بیٹنگ ٹی ٹونٹی میں نمبر ون ٹیم بننے پر بیحد خوشی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں5 ون ڈے میچوں کی سیریز 5-0صفر سے ہاری لیکن تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز2-1 سے جیت کر نہ صرف قوم کی تھوڑی بہت لاج رکھی بلکہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبرون ٹیم بھی بن گئی۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نیوزی لینڈ سے کراچی واپس پہنچے تو ائرپورٹ پر امیر اکرم خان، سعد چوہدری، جاوید بلوچ، محمد ادریس ودیگر نے قائداعظم ائرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا اورانہیں ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کرنے اور ورلڈ رینکنگ میں بحیثیت کپتان پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے گلدستہ اور ہار پہنانے کے ساتھ ان پر گلپاشی بھی کی۔ رومان رئیس بھی کپتان سرفراز امد کے ہمراہ تھے۔