پی سی بی کا بگ تھری پر رضامند ہونا سب سے بڑی غلطی تھی : ذکاء اشرف

31 جنوری 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بورڈ کے موجودہ عہدیداران کا بگ تھری پر رضا مند ہونا سب سے بڑی غلطی تھی جس کا پاکستان کرکٹ کو نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست شرمناک ہے جس میں مجھ سمیت پوری قوم کو افسوس ہوا ہے۔ میرے دور میں بھی بگ تھری پر ہمیں ایسے لالچ دیئے گئے تھے لیکن موجودہ کرکٹ بورڈ نے لالچ میں آ کر پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچایا ہے۔ بھارت کیخلاف کیس بگ تھری سے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے اس پر مضبوط سٹینڈ لیا جس کا انہیں فائدہ اور ہمیں نقصان ہوا۔ انڈر 19 ورلڈ کپ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں بھارت کے ہاتھوں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں 2 سو سے زائد رنز سے شکست لمحہ فکریہ ہے۔ ہار پر مجھے پر دکھ ہوا ہے، 203 رنز کی شرمناک شکست کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کو لیگ کھیلنے کی اجازت قومی مصروفیات کے حوالے سے جائزہ لینے کے بعد دینی چاہیے۔