پرائم منسٹر دیسی کھیلوں کا آغاز، 4 فروری سے ہو گا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) دوسری پرائم منسٹر دیسی کھیلوں کاآغاز چار فروری سے ہوگا لاہور میں رستم پاکستان اور رستم زماں دنگل 23 فروری کومنعقد کرایا جائے گا۔ وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے دیسی کھیل اعجاز گل نے پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار اور باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر شیخ فاروق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شیر پاکستان دنگل چار فروی کو شہباز شریف سٹیڈیم چائینہ سکیم میں ہوگا۔ بڑا جوڑ انعام بٹ پہلوان اور عمیر پہلوان کے مابین ہوگا جیتنے والے کو ایک لاکھ اور رنر اپ کو پچاس ہزار انعامی رقم دی جائیگی جبکہ رستم زماں گاماں پہلوان دنگل 23 فروری کو ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہو میںمنعقد ہوگا جس میںاحمد پہلوان اور حامد پہلوان کے مابین مقابلہ ہوگا۔ نو فروری کو قصور میں شیر قصور دنگل 19 فروری کو ڈگری کالج قصور میں کبڈی ، گیارہ فروری کو شیر سیالکوٹ کامقابلہ سیالکوٹ میں 16 فروری کو شیر بہاولہور دنگل 18 فروری کو شیر ساہیوال دنگل منعقد ہوگا 23 فروری کو ننکانہ صاحب میں کبڈی اور 23 فروری کو ہی ننکانہ میں مرد و خواتین کے رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیسی کھیلون کے فروغ کے لئے پہلی مرتبہ خواتین کے رسہ کشی کے مقابلے بھی منعقد کرائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں فیڈریشنز کو فنڈزٹرانسفر کر دیے گئے ہیں تاکہ مقابلوںمیں شفافیت نظر آئے ۔ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار کا کہنا تھا کہ حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دیسی کھیلوں کے حوالے سے مقابلوں کا آغاز کیا ہے ہم نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے تعاون کے لیے کہا ہے کہ تاکہ ایشیئن گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کی جاسکے۔