ترکی پنجاب کے شعبہ صحت کی ترقی کیلئے گائیڈ لائن فراہم کریگا: عمران نذیر
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی شہباز شریف کی دعوت پر ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد در میکین مارچ میں صوبہ پنجاب کا دورہ کریں گے۔ ترکی پنجاب کے شعبہ صحت کی ترقی، ٹیکنیکل ایکسپرٹس کی تربیت، ہیومن ریسورس کی کپسٹی بلڈنگ اور ڈرگ ونگ کو مزید بہتر طریقہ پر چلانے کے لئے ٹیکنالوجی اور گائیڈ لائنز فراہم کرے گا۔ یہ بات صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے وفد کے ہمراہ استنبول میں وزیر صحت ترکی ڈاکٹر احمد درمیکین سے ملاقات کے دوران بتائی۔ وزیرصحت ترکی ڈاکٹر احمددر میکین نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان بننے سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر اور ترکی کے وزیر صحت کی ملاقات میں ہیلتھ سیکٹر میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں کی روک تھام، کاسمیٹکس ادویات کو ریگولیٹ کرنے اور افرادی قوت کی تربیت کے سلسلے میں ترکی کے ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔