وہاڑی: قبضہ گروپ کیخلاف اہل علاقہ کا احتجاجی مظاہرہ
وہاڑی (نامہ نگار) چک نمبر ایک ڈبلیو بی کے رہائشی عبدالغفور، عبدالرزاق، شہباز احمد، محمد اقبال، سردار محمد و دیگر درجنوں افراد نے نمبردار چودھری مختار احمد آرائیں کی قیادت میں ڈی سی کمپلیکس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نمبردار چودھری مختار احمد ارائیں نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے گائوں میں سرکاری چراگاہ کا رقبہ خالی پڑا ہے جس پر عامر، اشفاق، فریاد بلا، شہباز ارائیں، فقیر محمد و دیگر مبینہ طور پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔گروپ کو سیاسی و مقامی بااثر لوگوں کی آشیرباد حاصل ہے اور بلکہ اُلٹا احتجاج کرکے اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس تھانہ ماچھیوال کے ایس ایچ او چودھری رشید احمد نے اہل علاقہ کی اطلاع پر متعدد مرتبہ چھاپے مارے مگر یہ لوگ ادھر اُدھر غائب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی، ڈی پی او عمر سعید ملک، ایس ایچ او تھانہ ماچھیوال چودھری رشید احمد و دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر مبینہ قبضہ گروپ اور انکی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔