کشمیر کونسل یورپی یونین کی طرف سے مقبوضہ کشمیرکے عوام سے اظہار یکجہتی

31 جنوری 2018

برسلز (این این آئی)کشمیرکونسل یورپی یونین نے مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کونسل کے چیئرمین علی رضاسید کی قیادت میں برسلز میں کونسل کے بورڈ اور کورکمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے دوران 5 فروری کو منائے جانیوالے یوم یکجہتی کشمیرکے پروگراموں پر غور کیا گیاہے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے چار فروری کی شام کو برسلز میں شمع روشن کرکے مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ اجلاس میں خاص طور پر مقبوضہ کشمیرکے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی ظاہر کی گئی۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہم شہداء کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی اور والہانہ محبت رکھتے ہیں جنہوں نے جاری جدوجہد آزادی کے دوران عظیم قربانیاں دی ہیں۔اس موقع پر نئے سال کے دوران منعقد کئے جانیوالے پروگراموں کوبھی حتمی شکل دی گئی اورخاص طور پر آئندہ دوماہ کے دوران منعقد ہونے والے پروگراموں بشمول دس فروری کو مقبول بٹ اور افضل گرو کی برسیوں اور آٹھ مارچ کو کشمیری خواتین کے بارے میں سالانہ کانفرنس زیرغور آئے۔اجلاس کے دوران کشمیرکونسل ای یو کی آئندہ کی حکمت عملی پربھی تبادلہ خیال کیاگیا جس کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانا اور بھارت کی نام و نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنا ہے۔