پیپسی پی سی بی انڈر 16 پٹینگولر ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 2018ء

31 جنوری 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پیپسی پی سی بی انڈر 16 پٹینگولر ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ 2018ء میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔ لاہور میں جاری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز کھیلے جانے والے میچز میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں سندھ اور فیڈرل ایریا کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں سندھ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ سندھ کے صائم ایوب نے شاندار سنچری (106) سکور کی۔ محمد کیف نے 24 نمایاں رنز بنائے۔ فیڈرل ایریا کی جانب سے محمد یاسر، زمان خان اور حسن عابد نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فیڈرل ایریا کی ٹیم 104 سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ زاہد اقبال نے 33 اور یوسف شاہ نے 34 رنز بنائے۔ سندھ کے عدیل میئو، مبشر نواز، کاشف علی اور ابرار خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ سندھ نے میچ 74 رنز سے جیت لیا۔ ایل سی سی اے گراونڈ لاہور میں کے پی کے اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں پنجاب ٹیم نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ میں کے پی کے ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ عدنان اکبر 63 سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ 130 رنز کا ہدف پنجاب ٹیم نے 19.2 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنا کر میچ تین وکٹوں سے جیت لیا۔ سمیر ثاقب نے 46، خلیل الرحمان نے 46 نمایاں رنز سکور کیے۔