پانامہ میں آف شور کمپنی‘ مونس الٰہی نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا
لاہور(خبر نگار ) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے رہنما مونس الٰہی نے آف شور کمپنی کے معاملے پر نیب کو بیان ریکارڈ کرادیا۔ مونس الٰہی منگل کی صبح 10 بجے لاہور میں نیب کے دفتر میں پیش ہوئے اور وہ اپنی آف شور کمپنی سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ساتھ لائے تھے۔ نیب کی تین رکنی ٹیم نے مونس الہی سے تقریبا ایک گھنٹے تک سوالات کئے جس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی۔ نیب دفتر میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مونس الٰہی نے کہا کہ آف شور کمپنی سے متعلق نیب نے جوپوچھا بتا دیا، ہمارا دامن صاف ہے لٰہذا ادارے جب بلائیں گے جائیں گے۔واضح رہے کہ نیب نے ناجائز اثاثوں کے ریفرنس میں مسلم لیگ(ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی کو بھی طلب کیا تھا جس پر وہ نیب کے سامنے پیش ہوئے۔مونس الٰہی نے کہا کہ میرے دل میں نیب کے ادارے کا احترام ہے۔ مجھے آج نیب نے بلایا تھا حالانکہ میرا نام پانامہ پیپرز میں موجود نہیں۔ انہوںنے کہا کہ میں نے نیب کی ٹیم کے تمام سوالات کے جواب دئیے ہیں۔ اگر نیب نے دوبارہ بلایا تو میں جائوں گا کیونکہ میرا دامن صاف ہے۔