حضرت شاہ رکن عالمؒ نے برصغیر میں اشاعت اسلام کیلئے تاریخی خدمات سرانجام دیں
ملتان (نامہ نگار خصوصی) برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ ملتانی اور آپؒ کے آباؤ اجداد نے برصغیر میں اشاعت اسلام کیلئے تاریخی خدمات سرانجام دیں اور لاکھوں گمراہ لوگوں کو نور اسلام سے منور کیا۔ آپؒ کا مزار اتحاد بین المسالک و المذاہب کا عظیم مرکز ہے۔ روزانہ سینکڑوں لوگ روحانی و قلبی سکون اور فیوض و برکات کے حصول کیلئے حاضری دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سید عارف شاہ کی زیرصدارت غوث العالمین فورم کے زیراہتمام جامع مسجد دربار میں قطب الاقطاب سیمینار بیاد حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ ملتانی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سجادہ نشین دربار سخی نواب مخدوم زوہیب گیلانی‘ نفیس احمد انصاری‘ خطیب دربار عالیہ مسجد علامہ غلام مصطفی محبوب‘ حافظ اﷲ دتہ کاشف بوسن‘ محمد ایوب مغل‘ راجہ یونس بھٹی‘ صوفی رفیق قادری‘ ڈاکٹر عمران یوسف‘ پیر امداد سہروردی‘ صوفی امجد رضا‘ حسن سلطانی‘ مولانا مہر حسین قادری‘ ممتاز سہروردی‘ لیاقت قریشی‘ بلال سعیدی‘ اشرف سہروردی‘ ارشد ہاشمی‘ علی رضا و دیگر نے خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔ مخدوم زوہیب گیلانی نے کہا کہ بے حیائی‘ عریانی‘ فحاشی کے ذریعے نوجوان نسل کی اخلاقیات اور کردار کو تباہ کیا جارہا ہے ایسے حالات میں اولیاء اﷲ ‘ صوفیاء کرام کی تعلیمات کو عام اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔