سابق حکمرانوں نے ملک اندھیروں میں ڈبویا , ہم نے روشن پاکستان بنیاد رکھتی :شہباز شریف

31 جنوری 2018

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان روشن، پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ہو چکا ہے۔ توانائی کے منصوبوں کو جس تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال موجود نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انتہائی مختصر مدت میں توانائی منصوبے مکمل کئے ہیں اور لوڈشیڈنگ ماضی کا حصہ بن چکی ہے۔ توانائی منصوبے کم لاگت میں شفاف ترین طریقے سے مکمل کئے گئے ہیں۔ ماضی کی حکومتوں نے توانائی منصوبوں کے حوالے سے قوم کیساتھ سنگین مذاق کیا۔ سابق حکمرانوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرکے ملک کو اندھیروں میں ڈبوئے رکھا۔ ہم نے روشن پاکستان کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو توانائی بحران عروج پر تھا۔ ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا اور ہر طرف مایوسیوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ ہم نے معاملے کی سنگینی کو سنجیدگی سے لیا اور توانائی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دن رات ایک کئے رکھا۔ جنگی بنیادوں پر بجلی کی پیداوار کے مختلف منصوبوں پر دیوانہ وار کام شروع کیا اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے ریکارڈ مدت میں توانائی کے منصوبے مکمل کئے۔ آج لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی ہے۔ بجلی کی پیداوار بڑھنے سے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوا ہے اور گھروں میں خوشحالی آئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کی بدولت جاری توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں وافر بجلی ہوگی اور فالتو بجلی برآمد بھی کی جاسکے گی۔ شہباز شریف نے انٹر نیشنل سٹریٹ چلڈرن ڈے کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ انٹر نیشنل سٹریٹ چلڈرن ڈے منانے کا مقصد لاوارث زندگی گزانے والے بچوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنا ہے۔ سٹریٹ چلڈرن کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور پنجاب حکومت لاوارث بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی بخار اورفلو کے باعث طبیعت ناسازہوگئی ہے۔ معالجین نے وزیراعلیٰ کو تین روز تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے طبیعت کی ناسازی کے باعث اپنی مصروفیات ترک کردی ہیں۔ شہبازشریف نے ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید جاوید اقبال بخاری کی خوشدامن اور معروف مصنف و مترجم پروفیسر شاہد حمیدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔