ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر سرمایہ کاری کی جائے‘ وزیر خزانہ پنجاب

31 جنوری 2018

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور کے ذیلی کالج ‘پنجاب کالج آف کامرس کے ایم کام اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے گریجوایٹس کے کانووکیشن کی تقریب گزشتہ دنوںمقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی ۔صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود‘ پرو ریکٹر یو سی پی‘ ڈاکٹر محمد ظفر اللہ‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر‘ پنجاب گروپ آف کالجز‘ محترم سہیل افضل اور ڈائریکٹر پنجاب کالجز لاہور پروفیسر آغا طاہر اعجازبھی موجود تھے۔ کانووکیشن کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ چیئرمین پنجاب گروپ آف کالجز میاں عامر محمود نے 2013-14ء کے ایم کام اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے 300 طلبہ کو ڈگریوں ‘ میڈلز سے نوازا‘ 17 پوزیشن ہولڈرز طلبائو طالبات میں میڈل تقسیم کئے گئے۔ 6 طالب علموں کو گولڈ میڈلز‘ 5 کو سلور میڈلز اور 6 کو کانسی کے تمغوںسے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ قومی معیشت کی بحالی کیلئے ضروری ہے ہم وقت کے تقاضوں کے پیش نظر اپنی ترجیحات میں تبدیلی لائیں اور بے جان منصوبہ بندیوں کے بجائے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر سرمایہ کاری کریں‘ جامعات اور دیگر اداروں میں سائنسی تحقیق کے رجحان کو فروغ دیں اور ایسے اذہان پیدا کریں جو مقامی ضرروریات کے مطابق پیداوار کو یقینی بنا سکیں اس ضمن میں پنجاب گروپ آف کالجز بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے اورتعلیم کے فروغ کیلئے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے میاں عامر محمود اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ پرو ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر محمد ظفراللہ نے کہاکہ یوسی پی اور پنجاب گروپ آف کالجزمیں طلبہ کو بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں جس سے یہاں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ملک وقوم کی ترقی میں اضافے کا سبب بنیں گے۔

وزیر خزانہ پنجاب