ملک بھر میں گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کا سلسلہ جاری
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام ملک بھر میں گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے رگبی سروسز منیجر سید معظم علی شاہ کے مطابق گیٹ ان ٹو رگبی کے 2017ء کے ٹارگٹ کے بعد پاکستان رگبی یونین کے کوچز، ڈویلپمنٹ آفیسرز اور سٹاف کی کوشش ہے کہ 2018ء میں بھی گیٹ ان ٹو رگبی کا ٹارگٹ نہ صرف مکمل کیا جائے بلکہ پچھلے سال کے کھلاڑیوں کو گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام کے اگلے مرحلے میں شامل کیا جائے۔ واضح رہے کہ گیٹ ان ٹو رگبی پروگرام تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ جس میں پہلے مرحلے پر بنیادی اصول سکھائے جاتے ہیں۔ پھر پوائنٹ سکور کرنا سکھایا جاتا ہے اور آخر میں مکمل کھیل میں شامل کیا جاتا ہے۔ پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل ملک کے مطابق پچھلے سال یعنی 2017ء میں سے جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں میں کئی ٹیمیں اگلے مرحلے تک پہنچ چکی ہے۔ ملتان، مظفر گڑھ، وہاڑی، دنیا پور، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر، فورٹ عباس ، فاٹا، پشاور، کراچی اور کئی دیگر شہروں میں رگبی کی مختلف ایج گروپس میں ٹیمیں فعال ہو چکی ہیں جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔