جلسے‘ تڑیاں نوازشریف کے کام نہیں آئیں گی‘ انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں: طاہرالقادری

31 جنوری 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے قانونی اور ظالم نظام کے خلاف سیاسی جدوجہد میں تیزی لائیں گے۔ چاروں صوبوں کی ضلعی تنظیمات جون 2018ء تک 10لاکھ نئے کارکنوں کی رجسٹریشن کریں۔ کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 17 جنوری سے احتجاج کا آغاز ہوا‘ اختتام نہیں۔ احتجاج کے حق کو محفوظ رکھتے ہیں۔ جب ضرورت ہو گی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کا کسی سیاست سے تعلق نہیں‘ یہ انسانی معاملہ ہے۔ مکمل انصاف تک ہماری تمام توانائیاں بروئے کار رہیں گی۔ انہوں نے اجلاس میں کہا نوازشریف کے جلسے اور تڑیاں ان کے کسی کام نہیں آئیں گی۔ وہ بڑی تیزی کے ساتھ اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف جلسوں پر اترا رہے ہیں جبکہ ’’جنج نالوں جنازے وڈے ہوندے نیں‘‘ لوگ جلسوں میں نہیں ان کے سیاسی جنازے کی آخری رسومات میں شرکت کرتے ہیں۔ بہت جلد انہیں بھی معلوم ہو جائیگا۔ وکلاء نے کور کمیٹی کے اجلاس میں سربراہ عوامی تحریک کو قانونی پیشرفت کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ طاہرالقادری نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون کے مرکزی ملزم نواز شریف، شہباز شریف اور حکم دینے والے جملہ ملزموں کی طلبی کیلئے بھرپور قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے کے بعد شہبازشریف اور ریاستی مشینری کے استعمال پر کوئی ابہام نہیں رہا۔ جو ہم اول روز سے کہہ رہے تھے نجفی کمشن نے اس پر مہر لگادی۔ پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے فیصلے کے مطابق پنجاب میںساڑھے 5 لاکھ‘ سندھ میں اڑھائی لاکھ، خیبر پی کے میں ایک لاکھ‘ بلوچستان اور اسلام آباد میں 50‘ 50ہزار نئے ممبرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ مزید براں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گزشتہ روز داتا علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اور داتا دربار مسجد میں نماز ظہر ادا کی۔ سربراہ عوام تحریک نے بعدازاں ٹائون شپ بغداد ٹائون میں سیدنا طاہر علائوالدین کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وہ ادارہ آغوش بھی گئے اور بچوں کے ساتھ کچھ دیر والی بال کھیلا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یورپ اور آسٹریلیا کے تین ہفتے کے دورہ پر روانہ ہونگے۔ وہ برطانیہ‘ ناروے اور آسٹریلیا میں عالمی امن کانفرنسز اور منہاج القرآن اور عوامی تحریک اوورسیز تنظیمی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حفیظ چودھری کے مطابق قائد عوامی تحریک عمرہ کی سعادت کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔