کرم ایجنسی :بارودی سرنگ دھماکہ گاڑی تباہ 5 خواتین سمیت ایک خاندان کے 8 افراد جاں بحق

31 جنوری 2018

کرم ایجنسی+ لاہور (نامہ نگار+خبرنگار) اپر کرم پارہ چنار کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر کرم اکبر افتخار کے مطابق سرحدی علاقے غوزگھڑی مقبل سے تعلق رکھنے والے بادشاہ خان نامی شخص اپنے خاندان والوں کے ساتھ رشتہ داروں کے گھر تعزیت کے لئے بوشہرہ جارہے تھے جیسے ہی انکی گاڑی باسو پل کانڈے عباس کے قریب پہنچی تو برساتی نالے میں نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے رات کی تاریکی میں بچھائی گئی بارودی سرنگ سے انکی گاڑی ٹکرائی جس کے نتیجے میں موقع پر امین شاہ ولد بادشاہ خان قوم مقبل بادشاہ خان ولد سپین بادشاہ ،اویس خان ولد امین شاہ ، بی بی رحیمہ، تاج برو زوجہ سیدا جان، بی بی سہرا زوجہ روز خان ،لونگ بی بی زوجہ میوا خان موقع پر جاں بحق اور خائستہ جان ولد علی باز شدید زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کردیا گیا۔ زخمی شخص کی دو بیویاں بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کی شدت اتنی رور دار تھی کہ گاڑی دھماکے کی جگہ سے کئی گز دور جاگری۔ عینی شاہد رحمان مقبل ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق مذکورہ خاندان صبح آٹھ بجکر تیس منٹ انکی گاڑی کو کراس کرکے تیزی سے آگے نکل گیا، غوزگھڑی مقبل کی حدود کو کراس کرتے ہوئے جیسے کانڈے عباس باسوپل برساتی نالے پہنچی تو زوردار دھماکہ ہوا، گاڑی میں سوار افراد کے جسم کے اعضاء دور دور بکھر گئے۔ ادھر دھماکے میں جاں بحق افراد کی پشاور میں موجود بہن واقعہ کی اطلاع ملنے پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی۔ اہل علاقہ نے دالساء چیک پوسٹ کے قریب مین روڈ پر لاشیں رکھ کر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ حدودی ذمہ داری کے تحت ملحقہ علاقوں میں آپریشن کیا جائے تاکہ ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔ مظاہرین نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ آرمی چیف کے آنے تک دھرنا جاری رہے گا۔ تاہم بعد ازاں مقبل قبیلہ مطالبات منظور ہونے پر احتجاج ختم کرکے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، آٹھ جنازے ایک ساتھ اٹھنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ سکیورٹی فورسز نے 2مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی کرم ایجنسی میں دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کرم ایجنسی دھماکے میں ہلاکتوں پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد معصوم عوام کے خون کے پیاسے ہیں۔ کرم ایجنسی میں معصوم شہری شہید ہوئے۔ دہشتگردوں کے ہر حربے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے سوگواران کے سے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہارکیا۔