ججز تقرر پارلیمانی کمیٹی کا آج اہم اجلاس جسٹس منصور‘ جسٹس یاور کا رواں ہفتے حلف متوقع
اسلام آباد (صباح نیوز) جسٹس منصور علی شاہ کا سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے اور ان کی جگہ نئے نامزدچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی خان کارواں ہفتے حلف اٹھانے کاقوی امکان ہے۔ اعلیٰ عدلیہ میں ججز تقرریوں بارے قائم پارلیمانی کمیٹی کے آج پارلیمنٹ ہائوس میں منعقدہ اہم اجلاس میں نامزدگیوں پر غور کیا جائے جائے گا۔ اجلاس سید نوید قمر کی صدارت میںپارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کو سپریم کورٹ کا جج اور جسٹس یاور علی خان کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کرنے اور سندھ ہائیکوٹر میں 6ایڈیشنل ججز لگانے کی جوڈیشل کمشن کی سفارشات موصول ہوگئی ہیں، سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے ان کووزیراعظم کے توسط سے صدر مملکت کے دستخط کے لئے بھیج دیا جائے گا تاکہ نوٹیفکیشن جاری ہوسکے اور اعلیٰ عدلیہ کے نئے ججز حلف اٹھاسکیں۔کمیٹی اجلاس کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے ججز پارلیمانی کمیٹی کے اراکین کی جلد ملاقات کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، سینٹ سیکرٹریٹ اور رجسٹرار سپریم کورٹ باہمی مشاورت سے کمیٹی اراکین کی ملاقات کا شیڈول طے کریں گے۔ سندھ ہائیکورٹ میں ارشاد شاہ ، آغا فیصل، شمس عباسی، امجد سہوتو ، کوثر سلطان اور عدنان چودھری کو ایڈیشنل ججز لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔