پی ٹی آئی دہشتگردوں‘ قاتلوں کو تحفظ دینے والے لاڈلوں کا گروہ بن چکی: بلاول

31 جنوری 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پی کے میں میڈیکل کالج کی طالبہ عاصمہ‘ شریفاں بی بی‘ بچی اسما اور مشال کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دہشتگردوں اور قاتلوں کو تحفظ دینے والے لاڈلوں کا بھیانک گروہ بن چکی ہے۔ عاصمہ کے قاتل کا سعودیہ فرار خیبر پی کے حکومت کی مرضی کے بغیر ناممکن تھا۔ مشال کے قتل پر اکسانے والا پی ٹی آئی رہنما اب تک آزاد ہے۔ خیبر پی کے حکومت کا مجرموں سے نرم رویہ قابل مذمت ہے۔ پی ٹی آئی گھنائونے مجرموں اور دہشتگردوں کی نانی بن چکی ہے۔ چیف لاڈلے کا صوبے میں سنگین جرائم پر خاموش رہنا قابل مذمت ہے۔ قاتل کو کٹہرے میں نہ لایا گیا تو ذمہ دار خیبر پی کے حکومت ہوگی۔ مجاہد آفریدی نے پہلے بھی عاصمہ کو راستے میں روکا اور پرس چھینا تھا۔ ماں نے عاصمہ کو قتل کی دھمکیوں سے پولیس کو آگاہ کیا۔ پولیس نے ملزم کے فرار ہونے تک رپورٹ تک درج نہ کی۔ ملزم نے دھمکی دی تھی کہ عاصمہ سے شادی نہ ہوئی تو پورے خاندان کو ختم کردوں گا۔ مزید برآں بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمن اور مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔