طالبان‘حقانی نیٹ ورک کے 27 مشتبہ افراد افغانستان کو دیئے:پاکستان

31 جنوری 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے 75 ہزار شہریوں نے قربانیاں دیں۔ پاک فوج کے 6 ہزار جوان شہید ہوئے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پاک فوج کے افسر و جوان شہید ہوئے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو 123 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔ پاکستان کسی کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گا۔ سرکاری ریڈیو کو انٹرویو میں ڈاکٹر فیصل نے کہا افغان تنازعہ کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے پاکستان، چین، امریکہ اور افغانستان پر مشتمل چار فریقی مشاورتی گروپ انتہائی مناسب فورم ثابت ہو گا۔ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل مکمل طور پر ناکام ہوا ہے۔علاوہ ازیں اپنے ایک ٹویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان نے نومبر 2017ء میں حقانی نیٹ ورک اور طالبان کے 27مشتبہ افراد کو افغانستان کے حوالے کیا۔