پی ایس پی رہنمائوں کو شمولیت کی دعوت نہیں دی‘ متحدہ پاکستان

31 جنوری 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان نے ان خبروں کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کو ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے یوں تو ایم کیو ایم پاکستان ایک سیاسی جماعت ہے اور پاکستان کے ہر شہری کیلئے اس کے دورازے کھلے ہیں لیکن خصوصی طور پر کسی کو دعوت نہیں دی گئی ہے۔ ایئر پورٹ پر ہونے والی مبینہ ملاقات سے بھی انکار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی فیصلہ ساز باڈی رابطہ کمیٹی ہے اور وہ تحریک میں تمام سطحوں پر مشاورت کے بعد فیصلے کرتی ہے‘ آنے والے عام انتخابات کے حوالے سے بھی ایم کیو ایم پاکستان کا ذہن بالکل واضح ہے کل بھی کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں کے عوام نے ایم کیو ایم پاکستان کو مینڈیٹ دیا تھا اور آئندہ بھی یہ مینڈیٹ ہمارے پاس رہے گا۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کراچی شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات لانڈھی میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں سے لوٹ مار حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے اس واقعہ میں رینجرز کا ایک کا اہلکار شہید ہوا جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہے۔

ارکان اسمبلی متحدہ پاکستان