62 ایف کے تحت لوگوں کو ایک ہی طرح کی سزائیں ملیں ٗجہانگیر ترین

31 جنوری 2018

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 62 (ون) (ایف) بہت وسیع ہے ٗ 62 ایف کے تحت لوگوں کو ایک ہی طرح کی سزائیں دی گئی ہیں لیکن اب اس کی تشریح بھی ضروری ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران قانون کی تشریح کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف نے قطری خط دیا اور میں نے منی ٹریل دی لیکن میرا کیس ان سے مختلف ہے۔ آرٹیکل 62 (ون) (ایف) بہت وسیع ہے، 62 ایف کے تحت لوگوں کو ایک ہی طرح کی سزائیں ملی ہیں، لیکن میرے خیال میں آرٹیکل 62 کی تشریح کرنی پڑیگی۔انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگری یا منی ٹریل پر نااہلی مختلف چیزیں ہیں کیونکہ انصاف کی عدالت ہے، ذاتیات اور شخصیات کا مسئلہ نہیں ہوتا۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف نے منی ٹریل نہیں دی ان کے اثاثے زیادہ ہیں، نااہلی کی وجہ کی بنیاد پر مدت کا تعین ہونا چاہئے۔